پڈوچیری،22؍فروری (ایس او نیوز؍یواین آئی) پڈوچیری میں حکمران جماعت کانگریس کو شدید دھچکا دیتے ہوئے ایک مزید رکن اسمبلی لکشمی نارائنن نے اتوار کے روز استعفیٰ دے دیا، جس کی وجہ سے پارٹی کیلئے پیر کو ایوان میں اکثریت ثابت کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے -
کانگریس سے استعفیٰ دینے والے پانچویں رکن ِ اسمبلی لکشمی نارائنن نے اسمبلی اسپیکر شیوکولانتھو کو اپنا استعفیٰ سو نپتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج (اتوار) کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں -کانگریس کے پاس اب اسمبلی اسپیکر سمیت نو اراکین اسمبلی ہیں اور ایک آزاد رکن اسمبلی کی حمایت حاصل ہے - اپوزیشن کے پاس کے اے آئی این آر سی کے سات، اے آئی اے ڈی ایم کے کے چار کے اور بی جے پی کے تین اراکین اسمبلی (نامزد اراکین) ہیں - پڈوچیری میں کل اسمبلی کی کل 33 سیٹیں ہیں، جن میں سے 30 پرانتخابات ہوتے ہیں، جبکہ تین نامزد اراکین ہوتے ہیں - کانگریس نے 2016 کے اسمبلی انتخابات میں 15 نشستیں حاصل کی تھیں -
واضح ر ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر تملی سائی سندراراجن نے وزیر اعلیٰ وی نارائن سامی کو 22 فروری بروز پیر کو اسمبلی کے فلور ٹسٹ میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت دی ہے - حزب اختلاف کے لیڈر این رنگا سامی کے ساتھ اے آئی اے ڈی ایم کے قانون ساز پارٹی کے لیڈر انباجگن اور وی سامی ناتھن (بی جے پی کے نامزد رکن) نے 18 فروری کو لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کر کے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت اقلیت میں ہے، اس لئے اسے اپنی اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت جاری کی جائے -